پارک لین، ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز: آصف زرداری پر فرد جرم عائد

Published On 05 October,2020 09:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری پر مزید دو ریفرنس میں فرد جرم عائد ہوگئی، احتساب عدالت نے پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنس میں گواہاں کو طلب کرلیا۔

 جج اعظم خان نے پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسز پر سماعت کی، شریک ملزم شیر علی نے گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہونے کی وجہ طبعت ناساز ہونا بتایا۔ عدالت نے پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی میں فرد جرم عائد کر دی، سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے نیب کو پارک لین ریفرنس میں 20 اکتوبر جبکہ ٹھتھہ واٹرسپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کا حکم دے دیا، آئندہ سماعت پر دونوں ریفرنس میں تین، تین گواہ پیش کیے جائیں گے۔

احتساب عدالت سے روانگی پرآصف زردری نے خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا خواجہ آصف نے میرے خلاف بیان کسی کی ایما پر دیا ہوگا، بیان اپوزیشن میں دراڑیں ڈالنے اور ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔

میڈیا میں خطابات پر پابندی سے متعلق آصف زرداری نے کہا کہ اب تقریر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں رہی۔ سابق صدر نے کیسز کے سوال پر کہا کہ اپوزیشن میں ہوتے ہیں تو اس طرح کے کیسز بنتے رہتے ہیں۔

 خیال رہے گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔ سابق صدر سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

 

Advertisement