اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ سابق صدر سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ، پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
انور مجید پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔ مصطفیٰ مجید، سلمان یونس، عمران خان، محمد اورنگزیب، بلال شیخ پر بھی فرد جرم عائد ہوئی۔ جج احتساب عدالت نے کہا جو ملزمان دیگر دو ریفرنسز میں نامزد نہیں، وہ جا سکتے ہیں۔ عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور پارک لین ریفرنس میں فرد جرم مؤخر کرتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب آصف علی زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ سابق صدر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کرنے کی استدعا کر دی۔
آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں فوری ٹرائل روکنے کی بھی درخواست دے دی جس میں موقف اپنایا گیا کہ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں بری کیا جائے، جعلی اکاونٹس کیسز نیب کا دائرہ اختیار نہیں ریفرنس خارج کیا جائے۔
احتساب عدالت اس سے قبل آصف زرداری کی درخواست مسترد کرچکی ہے۔