لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ لیگی رہنما رانا مشہود کے خلاف کوئی تحقیقات بند نہیں کی گئیں۔
نیب کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ رانا مشہود کیخلاف تحقیقات بند ہونے سے متعلق چلنے والی خبریں درست نہیں ہیں، کیس سے متعلق افواہوں سے گریز کیا جائے۔
خیال رہے کہ میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ یوتھ فیسٹیول بے ضابطگی کیس میں رانا مشہود اور دیگر کیخلاف تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کہا گیا تھا کہ نیب لاہور نے انوسٹی گیشن تفصیلاتی رپورٹ چیئرمین نیب کو بھجوا دی ہے۔
میڈٰیا میں یہ خبریں چلیں تھیں کہ رانا مشہود کے خلاف بے ضابطگی کے ثبوت نہیں ملے۔ نیب نے عدم شواہد کی بنیاد پر تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔