اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے سلیم مانڈوی والا اور دیگر کے خلاف کڈنی ہل ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عدالت نے سلیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، طارق محمود سمیت تمام ملزمان کو 16 مارچ کو طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سلیم مانڈوی والا اور دیگر کے خلاف کڈنی ہل ریفرنس کی سماعت کی۔ جج محمد بشیر نے کہا نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کرنا تھا، کہاں ہے ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت اسی ریفرنس پر ٹرائل چلائے، جج احتساب عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت فرد جرم کیلئے رکھ لیتے ہیں، تمام ملزمان پر فرد جرم 16 مارچ کو عائد کی جائے گی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے نامی ٹرانزیکشن کا الزام غلط ہے، میرے خلاف مقدمات بے بنیاد ہیں، وزیراعظم الیکشن کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرا رہے تھے، الیکشن کمیشن نے شفافیت سے ذمہ داری نبھائی، الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کے مطابق انتخابات کرائے، صادق سنجرانی سے اچھے تعلقات ہیں۔