پی ڈی ایم والے تماشہ لگاتے لگاتے خود تماشہ بن چکے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 13 March,2021 09:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے تماشہ لگاتے لگاتے خود تماشہ بن چکے، مسترد شدہ عناصر کل بھی ناکام تھے، آج بھی ناکام ہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے منیر احمد خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے تحریک انصاف میں شمولیت پر منیر احمد خان کا خیر مقدم کیا جبکہ منیر احمد خان اور وفد نے صادق سنجرانی کے چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کے ڈپٹی چیرمین سینیٹ منتخب ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، چیئرمین و ڈپٹی چیرمین سینٹ کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی کامیابی شفاف پاکستان کی فتح ہے، پی ڈی ایم کے پورے ٹولے نے چیئرمین و ڈپٹی چیرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا، اللہ کے فضل سے صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو اب منفی سیاست چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، ہم عوامی خدمت کے لئے آئے ہیں اور عوامی خدمت کرتے رہیں گے، سازشیں کرنے والے ہر موقع پر ناکام رہے ہیں، رونا اپوزیشن کا مقدر ہے اور یہ روتے ہی رہیں گے، پی ڈی ایم والے ملک کا مستقبل تاریک کرنے کے درپے ہیں، 22 کروڑ عوام کبھی بھی اس ٹولے کو اپنے روشن مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔

منیر احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت پر پورا اعتماد ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں، اپوزیشن کی بے مقصد تحریک دم توڑ چکی، صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کا چیئرمین و ڈپٹی چیرمین سینیٹ منتخب ہونا شفاف پاکستان کی کامیابی ہے۔
 

Advertisement