کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا، شہری احتیاط برتیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Published On 01 March,2021 06:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران شہری احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں ہی صحت اور زندگیوں کا تحفظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا، شہری احتیاط برتیں۔ عوام کے تعاون سے پہلے بھی کورونا کو شکست دی، آئندہ بھی شکست دیں گے۔ بے احتیاطی سے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے 704 مریض سامنے آئے اور پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 5222 ہو چکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 13 اموات ہوئیں اور کورونا سے اب تک انتقال کرنے والوں کی تعداد 5363 ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 16,777 ٹیسٹ کئے گئے اور صوبے میں اب تک 3,310,924 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

 

Advertisement