وزیراعلیٰ پنجاب کا ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم

Published On 24 February,2021 11:29 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی مانیٹرنگ کا موثر نظام ضروری ہے، فلاح و بہبود کے منصوبوں کے ثمرات بر وقت عوام تک پہنچیں گے۔

وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کی مالی پوزیشن اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جلد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کروں گا، سالانہ ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا، ترقیاتی سکیموں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مقررکردہ اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔

واضح رہے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔
 

Advertisement