لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کی تیسری لہر میں کیسز کی تعداد بڑھنے لگی۔ پنجاب کے 7 شہروں میں 29 مارچ تک سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ مارکیٹیں شام 6 بجے بند ہوں گے، ہفتہ اور اتوار کو کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔
کورونا کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد نئے اقدامات کئے گئے۔ پنجاب کے سات شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
مارکیٹس اور بازار 29 مارچ تک شام 5 بجے بند ہوں گے جبکہ ہفتے اور اتوار کو مکمل شٹر ڈاؤن ہوگا۔ تفریحی مقامات اور پارکس کو شام 6 بجے تالے لگ جائیں گے۔ سینما ہالز، تھیٹرز، میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز مکمل بند ہیں، صرف کھلے مقامات پر تقریبات کی اجازت ہوگی جن میں تین سو سے زائد افراد شرکت نہیں کرسکیں گے۔
ریسٹورنٹس اور کیفے میں صرف ٹیک اوے کی اجازت ہے جبکہ میڈیکل سروسز، پٹرول پمپس، اشیا ضروریہ کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔ سرکاری اور نجی دفاتر میں صرف 50 فیصد سٹاف بلانے کی اجازت ہے۔
کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے مزید دو سیکٹرز کو سیل کر دیا۔ جی سکس 2 اور جی ٹین فور کو بھی سیل کر دیا گیا۔ اس سے پہلے سیکٹر ایف الیون ون، آئی ایٹ فور اور آئی ٹین ٹو میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا۔ وفاقی دارالحکومت میں تجارتی سرگرمیاں جمعے سے اتوار تک بند رہیں گی، تمام تفریحی مقامات، پارکس وغیرہ بھی ان تین ایام میں بند رہیں گے۔
راولپنڈی کے 4 علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگ گیا ہے۔ صادق آباد گلی نمبر 4، علامہ اقبال کالونی کی گلی نمبر 27، عزیز آباد کی قصر ابو طالب اور ڈھوک پراچہ میں نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔
خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع کیلئے نئے ایس اوپیز وضع کئے گئے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، سوات، چارسدہ، صوابی میں بازار 8 بجے بند ہوں گے۔ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی لگا دی گئی۔ میڈیسن، بیکری، کریانہ اور دیگر ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی۔