لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے ایکسپو سینٹر اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا، عثمان بزدار نے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور کہا کہ بڑے شہروں میں بزرگ شہریوں کی کورونا ویکسینیشن کیلئے بس سروس چلائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلی عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں 114 سینیٹر ہیں، جہاں بہت اچھا کام ہو رہا، لوگوں سے ملا ہوں، انہوں نے کہا اچھے انتظامات ہیں، اپنی تشہیری تصاویر کہیں نہیں دیکھی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی تبدیلی سے متعلق سوال پر کہا کہ اپنے کام سے کام رکھتا ہوں، ادھر ادھر کی باتوں پر دھیان نہیں دیتا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 595 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 9 ہزار 964 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 511 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 88 ہزار 225، سندھ میں 2 لاکھ 61 ہزار 582، خیبر پختونخوا میں 76 ہزار 379، بلوچستان میں 19 ہزار 223، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 961، اسلام آباد میں 48 ہزار 495 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 89 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 95 لاکھ 65 ہزار 66 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 303 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 73 ہزار 14 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 895 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 58 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 595 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 812، سندھ میں 4 ہزار 461، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 169، اسلام آباد میں 526، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 322 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔