کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت بلوچستان میں کلبھوشن جیسے ایجنٹ اس لیے بھیجتا ہے یہاں محرومیاں زیادہ ہیں، ان محرومیوں کو دور کر دیا گیا تو بھارت سازشیں نہیں کر پائے گا۔
سید مصطفیٰ کمال نے یہ بات کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی عوام میں ہر طرف محرومی اور مایوسی ہے۔ ہر پارٹی آ کر وعدے کرتی ہے لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ یہاں کے حالات خراب ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے حقوق کے رکھوالوں کو منتخب کرا کر اسمبلیوں میں بھیجتے ہیں لیکن یہاں ایک رات میں منتخب نمائندے اپنی وفاداریاں تبدیل کر دیتے ہیں۔ پسماندہ عوام ان جاگیرداروں اور وڈیروں کے سامنے مجبور ہے۔ ان کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ ریاست ان 2 فیصد مراعات یافتہ طبقے سے بات کرنے کے بجائے عوام سے براہ راست بات کرے۔ حق حکمرانی براہِ راست عوام تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق دینے کا واحد ذریعہ مقامی حکومتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ سڑکوں، تعلیم، ہسپتالوں اور کالجز کا اختیار مقامی شخص کے پاس ہونا چاہیے۔
مصطفیٰ کمال نے وعدہ کیا کہ پاک سرزمین پارٹی ہر گلی، پہاڑ اور محلے میں اختیار پہنچائے گی۔ بلوچستان کے تمام مسائل حل کریں گے۔ جہاں سے جانور پانی پیتے ہیں وہاں سینکڑوں میل دور سے ہماری مائیں بہنیں پانی لینے آتی ہیں۔