کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ کے بعد حکومت نے سب کو کرپٹ کہہ دیا، اگر وزیراعظم سب کو ڈاکو کہہ رہے ہیں تو انہیں کون پکڑے گا، کیا چوروں کو پکڑنے کیلئے اقوام متحدہ کی فوج بلانی پڑے گی۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں چور کہا جا رہا ہے لوگوں نے انہیں ووٹ دے کر اسمبلیوں میں بھیجا، وزیراعظم ان کے ساتھ بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر بات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام میں اختیارات کی جنگ چھڑ جاتی ہے انہیں پتا ہی نہیں ان کا کیا کام ہے، آئین میں بلدیاتی نظام کا چیپڑ شامل ہونا چاہیے، ملک میں بچوں کی دماغی نشونما نہیں ہو پا رہی۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کو ایم کیو ایم کا اعتماد کا ووٹ چاہیے تھا، متحدہ قومی موومنٹ کے پاس نادر موقع تھا مردم شماری پر کابینہ کے فیصلے کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے، ایم کیو ایم نے موقع ہاتھ سے گنوا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکیں، ہمارے پاس اصلاحات کا مکمل ایجنڈا موجود ہے، 19 مارچ کو کوئٹہ میں جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔