کراچی: (دنیا نیوز) مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی متنازعہ مردم شماری پر خاموش نہیں رہے گا، اعدادوشمار درست نہ ہوئے تو ہر سطح پر لڑائی ہوگی، وفاق اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے، ایم کیو ایم جیسی جماعت کوآج تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا۔
پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متنازع مردم شماری کو قانونی قرار نہیں دیا جاسکتا، سب کہہ چکے ہیں کراچی کی آبادی تین کروڑ سے زائد ہے، ہم کراچی کے مسائل حل نہ ہونے پر مایوسی کا شکار ہیں، چیف جسٹس نے خود کہا کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زیادہ ہے، نادرا کے مطابق یہاں 2 کروڑ 40 لاکھ شناختی کارڈ جاری ہوچکے ہیں، 13 سالوں سے ایک بس نہیں دی، شہر کو کچرا بنا دیا، ہم خاموش رہے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آپ نے ہسپتال اور یونیورسٹی اجاڑ دی ہم خاموش رہے، یہاں سے انڈسٹریز اجاڑ دیں ہم خاموش رہے، مردم شماری پر خاموش رہے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
دوسری جانب کراچی کی احتساب عدالت میں کلفٹن اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ مصطفیٰ کمال اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کے تفتیشی افسر اور گواہ کی عدم حاضری کے باعث سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔