لاہور: سرکاری محکموں کے ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے کیلئے مظاہرہ

Published On 24 March,2021 08:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سرکاری محکموں کے ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے لاہور میں مظاہرہ کیا اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔ اساتذہ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری رہا۔

تفصیل کے مطابق حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو پنجاب بھر سے مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین اکٹھے ہو کر پھر سڑکوں آ گئے۔ آل پاکستان گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے لاہور میں پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا اور حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔

ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب ڈیوس روڈ پر دھرنا دئیے بیٹھے اساتذہ اور اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری رہا۔

مظاہرین نے کہا کہ حکومت کی شرائط پوری کرنے کے باوجود ملازمت پر مستقل نہیں کیا جا رہا۔

مظاہروں کے باعث لاہور کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

 

Advertisement