اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 60 سال سے زائد عمر کے 8 لاکھ کے قریب لوگوں نے کورونا ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن کرائی تھی جن میں سے تقریباً ڈھائی لاکھ لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگ چکی ہے، رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے مزید انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ مہم بھی چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 60 سال سے زائد عمر کے 13 ملین لوگ ہیں جن میں سے ابھی تک 8 لاکھ کے قریب لوگوں نے کورونا ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ 4لاکھ90 ہزار ، سندھ میں 1 لاکھ 38 ہزار، خیبرپختونخوا 94 ہزار، بلوچستان میں ساڑھے چار ہزار، اسلام آباد میں 42 ہزار جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 20 ہزار اور گلگت بلتستان میں11 ہزار لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت نے 70 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو بغیر رجسٹریشن کے ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے، 70 سال سے زائد عمر کے جو لوگ ویکسین لگانا چاہتے ہیں وہ کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر میں جا کر قومی شناختی کارڈ دکھا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ویکسین مہیا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاہم اگر کوئی صوبہ ویکسین منگوانا چاہتا ہے تو اسے کسی قسم کی این او سی کی ضرورت نہیں ہے، 18ویں ترمیم کے بعد صوبے کوئی بھی دوا، ڈیوائسز یا ویکسین منگوانے کیلئے بااختیار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ این سی او سی میں ملک بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کئے جاتے ہیں، حکومت نے مہلک وبا پر قابو پانے کیلئے جو پابندیاں اور ایس او پیز جاری کی ہیں اگر عوام ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں تو وبا کے پھیلائو کو روکا جا سکتا ہے اور ہمیں مزید پابندیاں لگانی کی ضرورت نہیں پڑے گی لیکن اگر لوگ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے اور کیسز کی تعداد اسی رفتار کے ساتھ بڑھتی رہی تو حکومت مزید سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہو گی۔