لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر سے ڈاکٹرز بھی شدید متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں سروسز ہسپتال کے 110 ڈاکٹرز اس وبائی مرض کا شکار بن چکے ہیں۔
اتنی بڑی تعداد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں ڈاکٹرز کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس صورتحال میں مریض بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
تمام کورونا مثبت ڈاکٹرز نے خود کو ہاسٹل اور گھروں میں آئسولیٹ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے 10 ڈاکٹروں کی حالت تشویشناک ہے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سروسز ہسپتال نے محکمہ صحت کو فوری اقدامات کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتہ میں 100 سے زائد ڈاکٹر متاثر ہونے سے طبی عملے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا سمیت دیگر وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہسپتال کی او پی ڈی کو فوری طور پر محدود کیا جائے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کورونا مریضوں کیلئے میڈیکل آفیسرز تعیناتیوں اور تمام ڈاکٹرز کی فوری ویکسی نیشن کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی تیسری لہر تشویشناک: وائرس نے مزید 100 افراد کی جان لے لی
خیال رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس سے 100 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 84 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 17 ہزار 694، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 158، خیبر پختونخوا میں 86 ہزار 44، بلوچستان میں 19 ہزار 535، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 16، اسلام آباد میں 57 ہزار 204 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 549 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 15 لاکھ 3 ہزار 364 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 278 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 170 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 100 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 356 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 319، سندھ میں 4 ہزار 495، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 319، اسلام آباد میں 563، بلوچستان میں 207، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 350 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔