پی ٹی آئی نے قومی مفادات برائے فروخت پر لگا دئیے: احسن اقبال

Published On 31 March,2021 03:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی مفادات برائے فروخت پر لگا دئیے، پچاس کروڑ ڈالر کیلئے سٹیٹ بینک کی خود مختاری کو داؤ پر لگا دیا گیا، ایک ارب ڈالر کے عوض کشمیر کا سودا کر دیا گیا۔

 سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل تک سابق حکومتوں کو طعنے دینے والوں نے آج مودی کو گلے لگا لیا، انڈیا سے کاٹن اور چینی درآمد کرنے کی سمریاں ہوائی رفتار سے چل پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنستے بستے ملک کو بگاڑ کر رکھ دیا، جنوبی ایشیا کے ہر ملک کی ترقی کی رفتار ہم سے زیادہ ہے، آج 3 سال بعد بھی ہم وہیں کھڑے ہیں جہاں مسلم لیگ ن چھوڑ کر گئی تھی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر دیا گیا، پاکستان کا وہ خواب، ترقی جو سی پیک سے پیوستہ تھی اسے ریزہ ریزہ کر دیا گیا، سی پیک نوجوانوں کا وہ منصوبہ تھا جس نے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا تھا، 3 سال میں ایک خبر آئی کہ سی پیک اتھارٹی بن گئی، سی پیک اتھارٹی نے کیا کیا ؟ ہم نے سی پیک اتھارٹی کے بغیر کام کیا۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ چین کورونا ویکسین کا عطیہ نہ دیتا تو پاکستان کے ہیلتھ ورکرز اور سینئیر سیٹیزن کورونا کے رحم و کرم پر ہوتے، حکومت نے ایک ڈالر کی ویکسین درآمد نہیں کی، اپنے من پسند لوگوں کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دی گئی، حکومت نہایت بے شرمی سے بھی کورونا وبا پر کاروبار کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔
 

Advertisement