اسلام آباد: (دنیا نیوز) مصطفیٰ نواز کھوکھر پیپلز پارٹی کے فیصلوں کیخلاف بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بی اے پی ارکان سے ووٹ نہیں لینے چاہیے تھے۔ حکومتی ارکان سے ووٹ لینے پر میری نظر میں پارٹی کے نظریاتی تشخص کو نقصان پہنچا۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے حالیہ فیصلوں سے مہنگائی کی ماری عوام میں اچھا تاثر نہیں گیا کیونکہ وہ اس حکومت سے ہر حال میں چھٹکارا چاہتے ہیں۔ عوام کی نظر میں ہم آپسی لڑائی میں ایک انتہائی غیر مقبول حکومت کو تحفظ اور تقویت دیتے نظر آئے۔
سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ استعفوں پر دیگر جماعتوں جبکہ اپوزیشن لیڈر کے معاملہ پر ہمارے موقف میں کمزوری ہے۔ اگر ہم دیگر صوبوں میں کھویا ہوا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں تو عوامی سیاست کو پاور پولیٹکس پر ترجیح دینا ہوگی۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ امید ہے پارٹی ان معاملات پر غور اور واضح لائحہ عمل دے گی۔ اختلاف رائے کا حق ایک جمہوری حق ہے اور توقع رکھتا ہوں کہ میرے بیان کو اسی تناظر میں دیکھا جائے گا۔