لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے، وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی، جعلسازوں کی نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ شاباش ڈسکہ! شاباش ڈسکہ کے غیور اور بہادر عوام! شاباش نوشین! تم نے آج ایک بار پھر "ووٹ کو عزت دو" کی جنگ جیتی۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ ساری دنیا پر واضح کر دیا کہ کس طرح 19 فروری کو کٹھ پتلی وزیراعظم کی نگرانی میں ووٹ کی عزت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ سن لو عوام کیا کہہ رہے ہیں۔ غربت مہنگائی اور بیروزگاری کے ستائے ہوئے عوام سے تمہیں کوئی نہیں بچا سکتا۔ ڈرو اپنے انجام سے!
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا بیانیہ جیت گیا۔ جب بھی منصفانہ الیکشن ہونگے جیت شیرکی ہی ہوگی۔ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والے یاد رکھیں سابق وزیراعظم ایک نظریےکا نام ہے جو عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے۔ اس جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے، وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں عوام کی حکمرانی ہوگی، جعلسازوں کی نہیں۔
مسلسل ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ جہاں جہاں ووٹ پڑے گا الحمدللہ وہاں نوازشریف جیتے گا، شیر دھاڑے گا انشاءاللہ اب مستقبل آپکا ہے، عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب ووٹ چوروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود جیت ووٹ کی ہوئی,جیت عوام کی ہوئی۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اللہ نے ڈسکہ کے عوام کو اس ووٹ چور حکومت سے بدلہ لینے کا ایک اور موقع دیا ہے جس حکومت نے غریب سے روٹی اور پاکستان سے اس کی ترقی اور پاکستان کا اصل مقام چھین لیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ڈسکہ پوری قوم کے جذبات کی نمائندگی کرتے ہوئے ووٹ کے ذریعے اس نااہل حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کرے گا، جس کی وجہ سے ملکی بقا اور سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ، جھوٹے وعدے کرنے والے ان عناصر کو بے نقاب کرے گا جو تین سال میں پاکستان کو 30 سال پیچھے لے گئے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ کے غیور عوام ناصرف ووٹ کو عزت دلائیں گے بلکہ اپنے ووٹ پر پہرا دینے کے ساتھ ساتھ پولنگ عملے کے تحفظ کے لیے بھی پہرا دیں گے تاکہ کوئی نہ تو ووٹ کے حرمت کے ساتھ کھلواڑ کر سکے اور نہ ہی ووٹ کی بے حرمتی کے لیے پولنگ عملے کو اغوا کر سکے۔