کورونا وائرس: معمول کے تمام کیسز موخر کرنے کے فیصلے میں 16 مئی تک توسیع

Published On 12 April,2021 10:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچاؤ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے معمول کے تمام کیسز موخر کرنے کے فیصلے میں 16 مئی تک توسیع کر دی۔

رجسٹرار آفس نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی ہدایت پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 16 مئی تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں معمول کے کیسز پر سماعت نہیں ہو گی، صرف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت ہوگی، ضمانت، حکم امتناع اور حقیقی ہنگامی نوعیت کے کیسز پر سماعت ہوگی، اہم نوعیت کے مقدمات چیف جسٹس اطہر کی منظوری سے سماعت کیلئے مقرر کیے جائیں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 501 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 602 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 584 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 50 ہزار 459، سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 126، خیبر پختونخوا میں 99 ہزار 595، بلوچستان میں 20 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127، اسلام آباد میں 66 ہزار 380 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 ہزار 594 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 7 لاکھ 79 ہزار 474 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 514 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 34 ہزار 835 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 201 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 58 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار 501 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 988، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 651، اسلام آباد میں 611، بلوچستان میں 215، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 403 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement