نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کورونا وائرس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ گزشتہ روز ایک لاکھ ستر ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، بھارتی سپریم کورٹ کا 50 فیصد عملہ کورونا میں مبتلا ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کا اسٹاف اب گھر سے ویڈیو لنک کے ذریعے کام کرے گا۔ بھارت میں مہلک وائرس میں مبتلا مزید 904 شہری دم توڑ گئے، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ستر ہزار سے تجاوز کر گئی۔ نو ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
بھارت دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ دوسرا خطرناک ملک بن گیا جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ 27 ہزار 717 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت ایکٹو کیسز کے لحاظ سے بھی دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔
بھارت کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر پہلے نمبر پر ہے جہاں 33 لاکھ 43 ہزار 951 افراد وبا سے متاثر ہیں، کیرالہ 11 لاکھ 60 ہزار 204، کرناٹک 10 لاکھ 55 ہزار 40، تامل ناڈو 9 لاکھ 26 ہزار 816 جبکہ آندھرا پردیش میں 9 لاکھ 21 ہزار 906 مریض ہیں۔