لاہور میں کورونا بے قابو، صورتحال تشویشناک،سخت اقدامات کرنیکی سفارش

Published On 11 April,2021 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 15 فیصد سے زائد مثبت کیسز والے شہروں میں اقدامات مزید سخت کرنا ہونگے۔ این سی او سی اجلاس میں تجاویز پیش کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

تمام کمشنرز نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کی رپورٹ اور عالمی وبا کے تدارک کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

اجلاس کے دوران کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں کیلئے آئندہ حکمت عملی، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات، کورونا کا شکار مریضوں، رمضان المبارک میں ویکسینیشن سینٹرز کے اوقات کار اور مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور بیڈز میں فوری طور پر اضافہ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور شہر میں کورونا کی صورتحال بے قابو ہے۔ شہر کے ہسپتالوں میں تمام وینٹی لیٹرز بھر گئے ہیں۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد پر پہنچ گئی۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن کی سفارش کی گئی ہے، تاہم اس کی منظوری این سی او سی سے لی جائے گی۔

 

Advertisement