پورے خطے میں برطانوی کورونا وائرس پھیلا: وفاقی وزیر اسد عمر

Published On 13 April,2021 11:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ پورے خطے میں برطانوی کورونا وائرس پھیلا ہے، ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے بروقت انتظامی کارروائی نہیں ہوئی، گزشتہ دس روز میں انتظامیہ نے کارکردگی دکھائی، پابندیوں پر عمل کر کے ہی وبا سے بچا جاسکتا ہے، عید کے بعد تمام شہریوں کیلئے ویکسی نیشن کا عمل کھول دیں گے۔

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام اباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاید لوگوں کے دلوں سے کورونا کا خوف ختم ہو گیا ہے، پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا میں وبا کا پھیلاؤ زیادہ ہے، کورونا مریضوں میں اضافے کے باعث ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 13 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی، روزانہ 60 سے 70 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے، 9 لاکھ سے زائد ویکسین ابھی دستیاب ہیں، عید کے بعد ویکسی نیشن کی تعداد ڈیڑھ سے 2 لاکھ تک لے جانا چاہتے ہیں، دنیا بھر میں ویکسین کی جتنی طلب ہے اتنی سپلائی نہیں ہے، پہلی ترجیح ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگانا تھا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 118 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 29 ہزار 920 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 318 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 52 ہزار 974، سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 474، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 275، بلوچستان میں 20 ہزار 397، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 130، اسلام آباد میں 66 ہزار 983 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 ہزار 687 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 8 لاکھ 29 ہزار 994 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 520 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 38 ہزار 267 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 198 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 118 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار 619 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 62، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 683، اسلام آباد میں 617، بلوچستان میں 217، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 407 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement