پولیس اوراداروں پرتشدد میں ملوث مجرموں کونشان عبرت بنایا جائیگا:فوادچودھری

Published On 14 April,2021 07:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو بزور طاقت کوئی بلیک میل نہیں کرسکتا۔ پولیس اور اداروں پر تشدد میں ملوث مجرموں کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ پورے ملک میں تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک روانی سے جاری ہے۔ جتھوں سے ریاست نہ کبھی پہلے بلیک میل ہوئی اور نہ آئندہ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں مختلف حلقوں کو نقطہ نظر کی اجازت ہوتی ہے لیکن پولیس اور سیکورٹی ادارے ہمارا فخر ہیں۔ پوری دنیا میں وردی پہنے افراد ریاست کی عزت اور بقا کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی عزت اور ناموس کا تحفظ ہر شہری پر ایسے ہی لازم ہے جیسے ریاست سے وفاداری کا اصول، جن لوگوں نے یہ اصول پامال کیا وہ قومی مجرم ہیں اور ان سے وہی سلوک ہونا چاہیے۔
 

Advertisement