بے رحم کورونا مزید 118 زندگیاں نگل گیا، 5 ہزار 395 نئے کیسز سامنے آ گئے

Published On 15 April,2021 08:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بے رحم کورونا وائرس مزید 118 زندگیاں نگل گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہزار 872 ہو گئی۔ 24 گھنٹے میں 5 ہزار 395 کیسز رپورٹ ہوئے۔

بے رحم کورونا وائرس کی سفاکیت جاری، انسانی زندگیوں کو مسلسل ہڑپ کر رہا ہے۔ این سی او سی کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 118 اموات ہوئیں۔ جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہزار 872 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 5 ہزار 395 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ متاثرہ افراد کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار 818 تک جا پہنچی۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 77 ہزار 294 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 4 ہزار 276 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے تاہم 6 لاکھ 46 ہزار 652 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں 2 لاکھ 70ہزار310، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 2ہزار290، پنجاب 2 لاکھ 58 ہزار441 اور اسلام آباد میں 68 ہزار66کیسز موجود ہیں۔ بلوچستان 20 ہزار580، آزاد کشمیر میں 14 ہزار 978 مریض ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 5 ہزار 153 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 64 ہزار 686 جبکہ ملک بھر میں ایک کروڑ 6 لاکھ 88 ہزار 894 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق مہلک وائرس سے بچاؤ کا واحد طریقہ احتیاط ہے، ماسک کا استعمال کریں، سماجی تقریبات سے دور رہیں، ہاتھ بار بار دھوئیں۔ زندگی سے اپنے اور اپنے پیاروں کیلئے پیار کیجئے۔
 

Advertisement