ملتان میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کر گئی، شہریوں کا احتیاطی تدابیر سے گریز جاری

Published On 15 April,2021 09:50 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں کورونا کی تیسری لہر میں شدت کے سبب اموات کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں کا احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے حوالے سے متعلق رویہ تاحال غیر سنجیدہ ہے۔

ملتان میں کورونا بے قابو ہونے سے مختلف ہسپتالوں میں جاں بحق مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے لیکن اسکے برعکس شہریوں کا رویہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے تا حال سنجیدہ نہیں اسی لیے ٹریفک پولیس نے پہلے مرحلے میں شہریوں کو کورونا کی شدت بارے آگاہی دی اور موجودہ صورتحال میں چالان اور گاڑیاں بند کرنا شروع کر دی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ماسک کی پابندی یقینی بنانے کیلیے پمپس مالکان کیساتھ مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے تاہم ایس او پیز کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے شہریوں کا موقف ہے کہ چالان اور بھاری جرمانوں کا سلسلہ ٹریفک پولیس کی بہترین کاوش ہے اور موجودہ صورتحال میں تاجروں کو بھی مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

بازاروں میں ماسک، سماجی فاصلے اور سینیٹائزر کی ایس او پیز نظر انداز سے کورونا کا شکار مریضوں کی تعداد خوفناک پہنچ چکی ہے جس سے ہسپتالوں میں بیڈز کی کمی کے باعث ڈاکٹروں کی مشکلات بھی کافی حد تک بڑھ گئی ہیں۔
 

Advertisement