وزیراعظم عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں، اسد عمر

Published On 16 April,2021 05:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا مشن اپنے لئے بیرون ملک جائیدادیں اور پیسہ بنانا نہیں، وہ عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھی عوام کے نام پر ووٹ لے کر وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں روڑے اٹکاتی ہے، وفاق وہ بھی کر رہا ہے جو اس کی ذمہ داری نہیں، سندھ کے لئے 446 ارب روپے کا بڑا پیکج دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ ہر قسم کے وسائل سے مالا مال لیکن وہاں جس طرح کی ترقی ہونی تھی، نہیں ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان قومی سوچ رکھنے والے واحد لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھر حیدر آباد موٹروے مکمل کی جائے گی۔ آئندہ ہفتے اس کی منظوری ہو جائے گی۔ سندھ میں شدید لوڈشیڈنگ ہے۔ بجلی کی ترسیل کے نظام میں سرمایہ کاری نہیں کی گئی اور ٹرانسفارمرز کی کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ گیس پیدا کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے لیکن کئی اضلاع جہاں سے گیس نکل رہی ہےم وہ گیس سے محروم ہے۔ وہاں کے عوام کا اولین حق ہے۔ 22 ارب روپے کے گیس بجلی کے منصوبوں پر آئندہ دو سال میں کام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیکج کے تحت روہڑی حیدرآباد کے سٹیشنوں کو بہتر بنایا جائے گا جس سے مسافروں کو آسانی ہو گی۔ نئی گج ڈیم 28 ہزار 800 ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا۔ وفاق اپنے وسائل سے اسے مکمل کرے گا ۔ڈریجن کی کئی سکیمیں بھی پیکج میں شامل کی گئی ہیں۔ نوجوانوں کے لئے بڑےبڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔ ایک لاکھ نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ کھیلوں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات سے ایک لاکھ 30 ہزار نوجوان مستفیدہوں گے ان میں 35 ہزار بچیاں بھی شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 2 لاکھ لوگوں کو پاسپورٹس کے حصول کے لئے دوسرے اضلاع میں جانا پڑتا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اب انہیں 14 جدید سینٹرز کے قیام سے مقامی سطح پر یہ سہولت حاصل ہوگی۔ 30 تعلقوںمیں نادرا سنٹرز بنائے جائیں گے۔ انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ 37 لاکھ کی آبادی کو یہ سہولیات میسر آئیں گی اور 12 لاکھ کی آبادی آپٹک فائبر سے منسلک ہوگی۔
 

Advertisement