شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر اختلاف کا معاملہ، چیف جسٹس نے فل بنچ تشکیل دیدیا

Published On 19 April,2021 01:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت میں ججز کے اختلاف کے معاملے پر چیف جسٹس قاسم خان نے 3 رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا۔

بتایا گیا ہے کہ جسٹس علی باقر نجفی کو فل بنچ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز رضوی شامل ہیں۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے شہباز شریف کی ضمانت کی فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائی تھی۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے شہباز شریف کی درخواست منظور کرنے اور اس کیخلاف الگ الگ فیصلہ دیا تھا۔ دو رکنی بنچ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل تھا۔ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے شہباز شریف کی ضمانت منظور جبکہ جسٹس اسجد جاوید گھرال نے مسترد کر دی تھی۔