راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف نعرے بازی کی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے۔
دوسری جانب لاہور میں ڈی ایس پی نواں کوٹ اور پولیس اہلکاروں کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ تھانہ نواں کوٹ میں اے ایس آئی محمد اقبال کی مدعیت میں دہشت گردی کی دفعات کےتحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق مشتعل مظاہرین نے تھانے میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، مظاہرین کے پاس پٹرول بم اور تیزاب کی بوتلیں تھی۔ مظاہرین نے تھانے میں گھس کر آگ لگا دی اور ڈی ایس پی کو اہلکاروں سمیت اغوا کر لیا۔
ایف آئی آر کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ 300 کارکن جو اسلحہ اور ڈنڈوں سے لیس تھے سی آئی اے میں جانے اور رینجرز پر حملہ آور ہوئے۔