آزادی اظہارکی آڑ میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

آزادی اظہارکی آڑ میں نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں،وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ ہر مسلمان کا دل نبی کریم ﷺ کی محبت سے سرشار ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ ﷺ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا جس میں سب کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ نے اسوہ حسنہ کے ذریعے امن وآشتی، احترام انسانیت، مساوات، عفو ودرگزر اور عدل وانصاف کا درس دیا۔ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی سنت سے مسائل کا حل افہام وتفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے۔ نبی اکرم ﷺ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کریں۔ موجودہ حالات میں سب کو تحمل، برداشت اور رواداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔