کالعدم تحریک لبیک نے شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ کردیا، ذرائع

Published On 19 April,2021 11:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک لبیک (ٹی ایل پی) نے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے اور اپنے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق حکومتی وفد اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ حکومتی وفد میں شیخ رشید، نور الحق قادری، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے قائدین فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مطالبے پر قائم ہیں جبکہ کارکنوں کی فی الفور رہائی کی بھی حکومتی وفد سے ڈیمانڈ کی جا رہی ہے۔

تاہم حکومتی وفد نے کالعدم تحریک لبیک کے قائدین پر واضح کر دیا ہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری اور شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

 

Advertisement