کورونا کی تیسری لہر: ضلع کیماڑی کی 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 21 April,2021 11:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بھی کورونا کی تیسری لہر کے بعد کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔ ضلع کیماڑی کی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں مائکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔

کراچی کے ضلع کیماڑی کے تین سب ڈویژنز بلدیہ ٹاؤن، سائٹ ایریا اور کیماڑی کے علاقوں میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے باعث 21 اپریل سے 4 مئی تک مائکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے ان علاقوں میں کسی بھی قسم کی تقریبات، کاروباری سرگرمیاں اور آمد و رفت کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب شہری ایس او پیز کی بھرپور خلاف ورزیاں کرنے میں مصروف ہیں۔ ہاٹ سپاٹ والے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں جبکہ خلاف ورزیاں ہونے کے باوجود شہری انتظامیہ نوٹفیکیشن جاری کر کے سوگئی۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 148 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 600 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 72 ہزار 381 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 488 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 76 ہزار 535، سندھ میں 2 لاکھ 74 ہزار 196، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 8 ہزار 462، بلوچستان میں 21 ہزار 127، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 204، اسلام آباد میں 70 ہزار 984 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 ہزار 873 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 13 لاکھ 19 ہزار 832 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 301 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 72 ہزار 619 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 528 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 148 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 600 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 664، سندھ میں 4 ہزار 559، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 953، اسلام آباد میں 649، بلوچستان میں 225، گلگت بلتستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 446 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement