اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے نے کورونا سے بچاؤ کیلئے پائلٹس اور فرنٹ لائن ورکز کی مرحلہ وار ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا۔ پہلے مرحلے میں پائلٹس سمیت تمام فضائی میزبانوں کی کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں قومی ایئر لائن کے فرنٹ لائن ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد میں فضائی میزبانوں کو ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کر دیا گیا، 250 سے زائد پائلٹس اور فضائی میزبانوں کو کورونا ویکسین لگا دی گئی، یومیہ 175 کیبن کریو اور 25 پائلٹس کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، پائلٹس، فضائی میزبانوں کو ویکسین لگانے کا ہدف دسمبر تک مکمل کرلیں گے۔
سی ای او پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کورونا ویکسینیٹ والے عملے کیساتھ اڑان بھرنے والی پہلی پاکستانی ایئر لائن بن گئی، انتظامیہ اپنے مسافروں اور ملازمین کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے، ویکیسن لگانے کا اقدام صحت اور حفاظت کے معیار کو برقرار رکھنے میں ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔