اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعت قومی اسمبلی کی تمام تر سرگرمیاں جزوی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے دفاتر کو 26 اپریل سے 30 اپریل تک 5 دنوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملازمین کو 26 اپریل سے 30 اپریل تک گھر سے کام کو الیکٹرانک ذرائع سے جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق ضرورت پڑنے پر کسی بھی ملازم کو ایک گھنٹے کے نوٹس پر آفس بلا جا سکتا ہے۔ ملازمین کو سٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
3 مئی سے مختلف شعبہ جات کے انچارج محدود سٹاف کو ضرورت پڑنے پر آفس بلائیں گے۔ ان شعبہ جات میں شعبہ انتظامیہ، کمیٹی ونگ، قانون سازی اور خصوصی اقدامات شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ،پبلک اکاؤنٹس اور خصوصی کمیٹیوں کے 30 اپریل تک ہونے والے اجلاس ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کو جراثیم کش ادویات سے تمام دفاتر کو ڈسانفیکٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
عملہ کو کورونا وائرس کی علامات کی صورت میں فوری ٹیسٹ کرانے کی ہدایات کی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخل کے لیے ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔