قومی اسمبلی: معمر شہریوں، گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ بل کی منظوری

Published On 19 April,2021 08:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں آج اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کے بل مجریہ 2020ء، گھریلو تشدد کی روک تھام اور اس سے تحفظ کے بل مجریہ کی منظوری دیدی ہے۔

اس بل کا مقصد اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کو سماجی و اقتصادی تحفظ فراہم کرنا اور اس سلسلے میں ان کے لئے فنڈ اور اولڈ ایج ہوم قائم کرنا ہے۔ گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ کا بل مجریہ 2020ء دارالحکومت اسلام آباد کی علاقائی حدود کیلئے قانونی اور ادارہ جاتی لائحہ عمل فراہم کرنا ہے جس کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ گھریلو تشدد کے متاثرین کو قانونی تحفظ اور امداد فراہم کی جائے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

اس کے علاوہ ایوان میں پانچ بل پیش کئے گئے جن میں بچوں کیلئے نظام انصاف کا ترمیمی بل مجریہ 2021ء، دارالحکومت اسلام آباد کا بچوں کے تحفظ کا ترمیمی بل مجریہ 2021ء، قرآن پاک کی اشاعت اور ریکارڈنگ کی غلطیوں کے خاتمے کا ترمیمی بل مجریہ 2021ء، حکومت کی سرپرستی میں چلنے والے اداروں کے نظم و نسق اور آپریشنز کا بل مجریہ 2021ء اور جموں و کشمیر کے املاک کے انتظام وانصرام کا بل مجریہ 2021ء شامل ہیں۔