اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کی تیسری لہر مزید شدت اختیار کر گئی، چوبیس گھنٹے کے دوران 70 افراد موت کی نیند جا سوئے، ہلاکتوں کی تعداد 17 ہزار 187 ہو گئی، 4 ہزار 825 نئے مریض بھی رجسٹرڈ ہوئے۔
کورونا کے مہلک وار جاری، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 452 تک پہنچ گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 50 ہزار 161 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ہزار 825 افراد میں وائرس موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ کورونا سے متاثر 4862 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چھ فیصد رہی۔
صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 2 لاکھ 90 ہزار 788، سندھ میں 2 لاکھ 78 ہزار 545، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 14 ہزار 77 کیسز اور بلوچستان سے 21 ہزار 743 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیرمیں کورونا مریضوں کی تعداد 16 ہزار 591 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 258 کیسز جبکہ اسلام آباد میں 73 ہزار 450 افراد مرض کا شکار ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 4234 مریض صحت یاب ہوئے۔ این سی اوسی کے مطابق کورونا سے صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 94 ہزار 46 ہو گئی۔