لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کی تیسری لہر کے دوران خیبر پختونخوا میں مثبت کیسز کی شرح بڑھنے لگی، پشاور ڈویژن میں مجموعی طور پر 55 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو گئے، صوبہ بھر میں 14 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے فعال کیسز ہیں۔
کورونا کی تیسری لہر میں خیبرپختونخوا میں مثبت کیسز کی شرح پندرہ فیصد سے بڑھ گئی، صوبے کے متعدد اضلاع میں کیسز کی شرح بھی مزید بڑھنے لگی۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں تشویشناک اضافہ ہونے لگا، پشاور ڈویژن میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 55 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں 3 ہزار 648 فعال کیسز ہیں، سوات میں 6 ہزار 733 جبکہ ایک ہزار سے زائد فعال کیسز ہیں۔ کورونا وائرس کے بڑھتےکیسز کے باعث شہریوں میں بھی تشویش پائی جارہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 15 لاکھ 38 ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں جبکہ 14 ہزار 399 فعال کیسز ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کےلیے حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے چاہیئے تاکہ سے مثبت شرح میں اضافے کو روکا جاسکے۔