پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات پر پشاور میں مزید تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ سمارٹ لاک ڈاؤن آج رات 9 بجے سے نافذ ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پشاور کی یونین کونسل جوگنی کے علاقے شغالی پایان اور شغالی بالا میں سمارٹ لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یونین کونسل سوڑیزئی پایان کے علاقے غریب آباد میں سمارٹ لاک ڈاؤن آج سے نافذ ہوگا۔ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے آن آوٹ انٹری بند رہے گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 151 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 680 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 15 ہزار 711 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 480 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 98 ہزار 818، سندھ میں 2 لاکھ 81 ہزار 385، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 16 ہزار 523، بلوچستان میں 22 ہزار 118، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 296، اسلام آباد میں 74 ہزار 640 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 931 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 39 ہزار 27 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 13 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 8 ہزار 193 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 263 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 151 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 680 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 327، سندھ میں 4 ہزار 629، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 238، اسلام آباد میں 677، بلوچستان میں 233، گلگت بلتستان میں 106 اور آزاد کشمیر میں 470 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔