کورونا کی تیسری لہر، خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی کھپت میں مزید اضافہ

Published On 29 April,2021 08:36 am

پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں آکسیجن کا استعمال مزید بڑھ گیا، 8 ہسپتالوں میں آکسیجن کا استعمال 83 فیصد ہو گیا، صوبہ کے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 16 ہزار کیوبک گنجائش ہے، خیبر ٹیچنگ کے اسٹوریج پلانٹ میں ذخیرہ 10 ہزار لیٹر تک بڑھا دیا گیا۔

کورونا وائرس کی تیسری لہرنے خیبرپختونخوا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، صوبے کے 8 بڑے اسپتالوں میں آکسیجن کا استعمال بڑھ گیا ،آکسیجن کا یومیہ استعمال 40 ہزار سے بڑھ کر73 ہزارتک پہنچ گیا۔

پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں یومیہ آکسیجن کا استعمال 6 ہزار لیٹر سے بڑھ کر 7 ہزار 500 لیٹر ہو گیا ہے، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے اسٹوریج پلانٹ میں ذخیرہ 10 ہزار لیٹر تک بڑھا دیا گیا ہے، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 16 ہزار کیوبک گنجائش ہے۔ ہسپتال میں یومیہ 12 سے 14 ہزارکیوبک استعمال ہورہا ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی آکسیجن کا استعمال بڑھنے کے بعد تعداد بڑھا دی گئی ہے، ہسپتال میں روزانہ 6 ہزار 500 لیٹر آکسیجن استعمال ہورہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی تیسری لہر میں کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں میں بروقت اقدامات اشد ضروری ہیں۔

پشاورمیں کورونا کے سب سے زیادہ 3 ہزار 461 ایکٹیو کیسز ہیں، گزشتہ 7 روز میں سب سے زیادہ شرح مردان میں 31فیصد، دیر لوئر میں شرح 29 ، پشاور میں 24 فیصد، ملاکنڈ میں 21 فیصد رہی، مختلف ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 81 افراد وینٹی لیٹرز اور 150 مریض آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں۔
 

Advertisement