اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر آج ملتان آئیں گے جہاں 30 ارب روپے کے اسپیشل ملتان پیکج کا اعلان کریں گے، کسان کارڈ کی تقریب میں شرکت کے علاوہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان آج دوپہر بارہ بجے ملتان پہنچیں گے اور 5 ارب روپے سے زائد کی روڈ انفراسٹرکچر کی اسکیموں سمیت 30 ارب روپے کے سپیشل ملتان پیکج کا اعلان کریں گے۔ تمام ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد و افتتاح سرکٹ ہاؤس میں کیا جائے گا۔ کورونا ایس او پیز کے تحت سرکٹ ہاؤس میں محدود پیمانے پر تقریب رکھی گئی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، وزیر اعظم سپورٹس کمپلیکس میں کسان کارڈ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان شجر کاری مہم کے سلسلہ میں سرکٹ ہاؤس میں پودا بھی لگائیں گے جبکہ پارٹی کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔