وبا بڑھتی رہی تو دیگر شہروں میں بھی لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا ہے: فیصل سلطان

Published On 27 April,2021 11:53 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج کی مدد طلب کی، وبا بڑھتی رہی تو دیگر شہروں میں بھی لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا ہے، کورونا کیسز بڑھنے پر مردان میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کے استعداد کار میں اضافہ کر رہے ہیں، مختلف ممالک سے آکسیجن کی درآمد ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ویکسی نیشن کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے، دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے، 3 کمپنیوں سے ویکسین خرید رہے ہیں، ویکسین کی ڈیمانڈ زیادہ اور سپلائی کم ہے، عوام این سی او سی کے فیصلوں پر اعتماد رکھیں۔

 ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک بھر میں 1200 ویکسی نیشن سینٹر ہیں، 20 لاکھ سے زیادہ ویکسین کی ڈوزلگ چکی ہیں، ویکسی نیشن سینٹرز جمعہ کو بند، اتوار کو کھلے ہوتے ہیں، افطار کے بعد بھی ویکسی نیشن کا عمل جاری رہتا ہے، 40 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کھول دی گئی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 142 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 17 ہزار 329 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 4 ہزار 939 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 770 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 93 ہزار 468، سندھ میں 2 لاکھ 79 ہزار 272، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 14 ہزار 661، بلوچستان میں 21 ہزار 803، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 272، اسلام آباد میں 73 ہزار 804 جبکہ آزاد کشمیر میں 16 ہزار 659 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 16 لاکھ 32 ہزار 913 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 981 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 99 ہزار 816 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 75 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 142 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار 329 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 97، سندھ میں 4 ہزار 605، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 156، اسلام آباد میں 670، بلوچستان میں 232، گلگت بلتستان میں 105 اور آزاد کشمیر میں 464 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement