وزیرخارجہ کا کینیڈین ہم منصب سے رابطہ،پاکستان پرعائد سفری پابندیوں پرنظرثانی کی درخواست

Published On 27 April,2021 07:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈین ہم منصب مارک گارنیو کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کورونا وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث کینیڈین حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی کاوشوں کے باعث پاکستان میں وبا کی صورتحال دوسرے علاقائی ممالک کی نسبت بہتر ہے۔ اس تناظر میں تیس دن کی مدت مکمل ہونے کے بعد پاکستان پر عائد سفری پابندیوں پر نظر ثانی کی جائے۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے سرینا ہوٹل کوئٹہ میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے اور جانی نقصان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران کینیڈا میں مقیم پاکستانی شہریوں کا خصوصی خیال رکھنے پر کینیڈین وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کینیڈا میں کورونا وبا کے باعث ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کینیڈا کی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں اور طالب علموں کو ویزا سہولیات دینے پر بھی بات کی۔ وزیر خارجہ نے کینیڈین حکومت کی جانب سے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کے فیصلے کو سراہا۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا جبکہ استنبول میں منعقدہ سہ فریقی اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کی تعریف کی۔

مارک گارنیو نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ اجلاس میں فاٹف کے معاملے پر کینیڈا پاکستان کی معاونت کرے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔