کورونا وائرس:جنوبی ایشیائی ممالک کاچیلنج سےنمٹنےکیلئے مشترکہ حکمت عملی پرزور

Published On 28 April,2021 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین اور پاکستان سمیت پانچ جنوبی ایشیائی ممالک نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا ہے۔

اس بات کا اظہار کورونا وائرس کے بارے میں غیر ملکی وزرائے خارجہ کی چھ ملکی ورچوئل کانفرنس کے مشترکہ بیان میں مشترکہ ردعمل کے طور پر کیا گیا۔ کانفرنس میں شریک ممالک میں چین پاکستان، افغانستان، بنگلا دیش، نیپال اور سری لنکا شامل ہیں۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اس وبا کو شکست دینے کے لیے ویکسین کی تقسیم مساوی اور منصفانہ ہونی چاہیے۔ وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف عالمی تعاون میں عالمی ادارہ صحت کے اہم کردار کی بھر پور حمایت کا اعادہ کیا۔

اجلاس کے شرکا نے ایک خطہ ایک شاہراہ کے حوالے سے تعاون میں اضافے، عالمی وبا کی روک تھام اور تجارت کو خوش اسلوبی سے جاری رکھنے، صنعتی اشیا کی فراہمی کے سلسلے کو مستحکم رکھنے، اقتصادی بحالی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے عمل میں تیزی لانے کے لیے اپنی سرحدوں کو کھولنے کے بارے میں اتفاق کیا۔

چین نے اقتصادی تعاون اور اشتراک عمل میں اضافے کے ذریعے شریک ممالک کی معیشتوں کو کورونا وائرس کی وبا کے اثرات سے نمٹنے میں مکمل تعاون پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔