کالعدم تحریک لبیک نے پابندی ختم کرانے کیلئے وزارت داخلہ سے رجوع کر لیا

Published On 29 April,2021 02:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں پرتشدد مظاہروں کے بعد کالعدم قرار دی گئی تحریک لبیک پاکستان نے پابندی ختم کرانے کیلئے وزارت داخلہ سے رجوع کر لیا۔

 ٹی ایل پی کی جانب سے باقاعدہ درخواست وزارت داخلہ میں جمع کرائی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے نقص امن و کار سرکار میں مداخلت کے الزامات پر 15 اپریل 2021 کو تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کی گئی، جو حقائق کے منافی ہے، حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ہٹائے۔

وزارت داخلہ ذرائع نے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے، جس میں ٹی ایل پی کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا تھا۔
 

Advertisement