بیرون ملک سے کراچی آنے والے 4 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق

Published On 07 May,2021 03:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بیرون ملک سے کراچی آنے والے 4 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ مریضوں کو ائیرپورٹ کے قریب قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

محکمہ صحت ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور قطر سے کراچی پہنچنے والے مسافروں میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا، متاثرہ مریضوں کو ائیر پورٹ کے قریب قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ دو روز قبل بھی بیرون ملک سے آنے والے مسافر کورونا مثبت نکلے تھے۔ قرنطینہ سینٹر سے بھاگنے والے مسافر کا بھی ابھی تک پتہ نہ چل سکا۔ قرنطینہ سینٹر پر سیکیورٹی تعینات نہ ہونے سے مریض فرار ہوا تھا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 140 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 50 ہزار 131 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 298 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 14 ہزار 517، سندھ میں 2 لاکھ 89 ہزار 646، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 22 ہزار 520، بلوچستان میں 23 ہزار 16، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 358، اسلام آباد میں 77 ہزار 414 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 660 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 21 لاکھ ایک ہزار 832 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 846 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 47 ہزار 755 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 177 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 140 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 677 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 891، سندھ میں 4 ہزار 698، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 537، اسلام آباد میں 702، بلوچستان میں 243، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 499 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement