شیخوپورہ: (دنیا نیوز) ترجمان ضلعی انتظامیہ فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ میں احتساب عدالت کے حکم پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے رقبہ کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن ہال میں ہونے والی نیلامی کے عمل میں 3 شہریوں محمد بوٹا، سرفراز احمد اور خرم ورک نے حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر فیصل سلیم کی سربراہی میں کمیٹی نے نیلامی کے عمل کی نگرانی کی۔
محمد بوٹا ورک نامی شہری نے 1 کروڑ ایک 1 لاکھ روپے فی ایکڑ سب سے زیادہ بولی لگائی۔ 88 کنال ساڑھے 4 مرلہ زرعی اراضی شیخوپورہ کے نواحی قصبہ فیروز وٹواں میں واقعہ ہے۔
سرکاری طور پر رقبہ کی فی ایکڑ قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ تاہم اوپن نیلامی میں یہ رقبہ فی ایکڑ کے حساب سے 1 کروڑ 1 لاکھ روپے میں فروخت ہوا۔
کیمٹی کے سربراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر فیصل سلیم نے میڈیا کو بتایا کہ وہ نیلامی کے عمل کی کارروائی مکمل کرکے احتساب عدالت اسلام آباد کو بھیجیں گے۔
عدالت کی حتمی منظوری کے بعد رقبہ کامیاب بولی دہندہ محمد بوٹا کے نام منتقل کردیا جائے گا۔ رقبہ خریدنے والے شہری محمد بوٹا نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے عدالت کے حکم پر ہونے والی اوپن نیلامی میں حصہ لے کر گورنمنٹ سے رقبہ خریدا ہے۔ عدالت اور ضلعی انتظامیہ رقبہ اب اس کے نام منتقل کرنے کی پابند ہے۔