اسلام آباد: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری سے بے گناہ شہریوں کو شہید اور عمارتوں کو تباہ کیا جس کے خلاف قومی اسمبلی کی متفقہ قرارداد اقوام متحدہ آفس میں پیش کر دی ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی قیادت میں یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پرویز اشرف، مولانا اسد اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔ احتجاج کے بعد شہبازشریف کے ہمراہ اراکین قومی اسمبلی اقوام متحدہ کے دفترپہنچے جہاں فلسطین پرقومی اسمبلی کی منظورکردہ متفقہ قرارداد اقوام متحدہ کے پاکستان میں نمائندے جولئین ہارنیس کے حوالے کی گئی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس اورجنرل اسمبلی کےصدر وولکن بوزکر کے نام دی گئی قرارداد میں وحشیانہ اسرائیلی حملے، قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں پر ظلم کا بازار گرم کیا گیا، اسرائیل نے غزہ پر بمباری سے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا، مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر بھی تشدد کیا، دہائیوں سے فلسطین اور کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے۔ اسرائیلی بربریت کے خلاف قومی اسمبلی کی قرارداد اقوام متحدہ آفس میں پیش کر دی ہے جس میں فلسطینیوں کے خلاف مظالم روکنے کے مطالبات کئے گئے ہیں۔