اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت شماریات سے متعلق غلط اعدادوشمار پیش کر کے قوم سے دھوکہ کر رہی ہے، قوم کو حکومتی دھوکے سے بچانے کیلئے حزب اختلاف میں اتحاد ناگزیر ہے، تمام اپوزیشن کو اس معاملے پر مشترکہ ردعمل اختیار کرنا چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موق پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوامی مفادات کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن پارلیمان کے اندر متحد ہو کر بجٹ حکمت عملی تیار کرے، حکومت کے معاشی اعدادوشمار پر سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ حکام کو بھی اعتماد نہیں، اعتراضات اٹھائے گئے، تمام اپوزیشن کو اس معاملے پر مشترکہ ردعمل اختیار کرنا چاہئے۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ بدترین مہنگائی، بیروزگاری، معیشت کی خستہ حالی کے ملک و عوام پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اپوزیشن کو مل کر حکومت کی تاریخی نااہلی اور نالائقی کو بے نقاب کرنا ہوگا، عوام، ملک کے مفادات کی حقیقی ترجمانی اپوزیشن کا فرض ہے، جسے بھرپور طور پر ادا کیا جائے، پارلیمان کے اندر اپوزیشن کی متحدہ آواز سے حکومت کو عوام دشمن اقدامات سے روکنا ضروری ہے۔