ریکوڈک عملدرآمد کیس،برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ کاپاکستان کےحق میں فیصلہ

Published On 25 May,2021 10:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ریکوڈک عملدرآمد کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے منجمد اثاثے بحال کر دیئے ہیں۔

برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے ٹیتھیان کمپنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے اسے حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات ادا کرے۔ عدالتی فیصلے کے بعد روزویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور ہٹا دیئے گئے ہیں۔

اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کے خلاف تمام فیصلے واپس ہو گئے ہیں، یہ فیصلہ ہماری بہت بڑی فتح ہے۔ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ریکوڈک کیس میں ٹیتھان کاپر کمپنی کے حق میں فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی پاکستان کو واپس مل گیا ہے۔
 

Advertisement