لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی اور زیریں اضلاع میں شدید گرم اور خشک رہے گا۔ تاہم کچھ حصوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
شام ہوتے ہی لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے دیگر شہروں میں تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں جبکہ بعض مقامات پر آندھی کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں۔ ہربنس پورہ، فتح گڑھ، مناواں، باٹا پور، شاہدرہ، بتی چوک، بادامی باغ، علامہ اقبال ٹاؤن، سبزہ زار، سمن آباد، مزنگ، ساندہ، دھرمپورہم ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، ہال روڈ، ریلوے سٹیشن، گڑھی شاہو، ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ، منصورہ، خیابان جناح اور جوہر ٹاؤن کے علاقوں میں بھی آندھی سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور وسطی وجنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہا ہے۔