کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کیلئے پرانی مردم شماری کا استعمال کیا، حکمرانوں کے جھوٹ کا پول کھل چکا، گندم اور گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی تو آٹا اور چینی مہنگی کیسے ہوگئی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی تک کے لئے قرضے لینے والی پی ٹی آئی حکومت معاشی محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے، توانائی کے شعبے کی شرح نمو میں 22 فیصد سے زائد کمی کے اعتراف کے باوجود صنعتی ترقی کے دعوے مضحکہ خیز ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت کے پانچ سالہ دور میں عام آدمی کی آمدنی میں 59 فیصد اضافہ ہوا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے سندھ میں سب سے زیادہ فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا ہے، بھارت، افغانستان اور بنگلہ دیش سمیت پورے جنوبی ایشیا میں 10.9 فیصد کی شرح کے ساتھ پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔